حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، جمہوریہ اسلامی ایران کی قومی ایئر لائن کمپنی ایران ایئر نے اعلان کیا ہے کہ کوئٹہ، پاکستان اور ایران کے دو شہروں زاہدان اور مشہد کے درمیان ہفتہ وار مسافر اور کارگو کی براہ راست پروازیں جلد شروع ہوں گی۔ یہ فیصلہ پڑوسی ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے اور سفر کو آسان بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، ایک رسمی تقریب میں دونوں ممالک کے حکام نے کوئٹہ (بلوچستان، پاکستان کا دارالحکومت) اور زاہدان و مشہد (ایران) کے درمیان مسافر اور کارگو کی براہ راست پروازیں شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
جمہوریہ اسلامی ایران کے کوئٹہ میں قائم اعلی کونسلر علی رضا رجائی نے ایک تقریب میں اعلان کیا کہ نئی پروازیں ایران ایئر کے ذریعے ہفتہ وار ائربس A320 طیاروں سے چلائی جائیں گی۔
انہوں نے دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا: یہ پروازیں نہ صرف سفر کے وقت اور اخراجات کو کم کریں گی بلکہ تاجروں اور زائرین کے لیے دونوں ممالک کے معاشی و سماجی روابط کو مضبوط کرنے میں بھی اہم کردار ادا کریں گی۔
یہ بھی اعلان کیا گیا کہ اگر مستقبل میں مسافروں کی جانب سے اچھا ردعمل ملا تو زیادہ ظرفیت والے طیاروں جیسے بوئنگ 747 کے استعمال کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
کوئٹہ میں منعقدہ اس تقریب میں خطاب کے دوران ایئر لائن کے نمائندہ جناب کریمی نے اعلان کیا ہے کہ مشہد سے کوئٹہ کے لیے پہلی آفیشل پرواز اگلے جمعرات کو چلائی جائے گی اور فی الحال مشہد-زاہدان-کوئٹہ روٹ پر ہفتے میں ایک پرواز ہے اگر استقبال بہتر رہا تو پروازوں اور روٹس کی تعداد بڑھا دی جائے گی۔









آپ کا تبصرہ